نئی دہلی، 29؍مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )بی جے پی نے اپنے ممبران پارلیمنٹ کو وہپ جاری کرکے لوک سبھا میں اپنی موجودگی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔بدھ کی دوپہر 12بجے سے لوک سبھا میں جی ایس ٹی پر بحث شروع ہونی ہے۔لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن نے جی ایس ٹی پر بحث کے لیے 7گھنٹے کا وقت طے کیا ہے، اس لیے پارٹی نے اپنے ممبران پارلیمنٹ کو تین لائن کا وہپ جاری کر کے کہا ہے کہ جی ایس ٹی پر بحث کے دوران تمام رکن لوک سبھا میں موجود رہیں۔وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے پیر کو ہی لوک سبھا میں یہ بل پیش کر دیا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے پہلے ہی کہا ہے کہ ان کی کوشش ہو گی کہ جی ایس ٹی اتفاق رائے سے ایوان میں پاس ہو۔حالانکہ حکومت اور اپوزیشن میں جی ایس ٹی پر اتفاق رائے نہیں بن پایا ہے۔ایسے میں بحث کے دوران ہنگامہ ہونے کے آثار ہیں۔